ہفتہ 14 نومبر 2026 - 01:16
اول وقت میں نماز پڑھنا اللہ سے محبت کی علامت ہے، آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی

حوزہ/ خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے نمازِ جمعہ کی اہمیت، اول وقت میں نماز کی ادائیگی، نمازِ باجماعت اور دینی فرائض میں پابندی کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اول وقت میں نماز پڑھنا اللہ تعالیٰ سے محبت اور مسجد سے وابستگی کی علامت ہے۔ انہوں نے نمازِ جمعہ کو اہم دینی فریضہ قرار دیتے ہوئے اس کی پابندی اور جماعت میں کمزور و بیمار افراد کی رعایت کرنے پر بھی زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لاہور/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع مسجد علی حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمعہ ہفتے میں ایک دفعہ آتا ہے،جسے غربا اور فقرا کے لیے عید کہا گیا ہے، جن کے پاس حج کے لیے جانے کے پیسے نہیں، انہیں جمعہ کا حج کا ثواب مل جائے گا۔مولائے کائنات امیر المومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام ارشاد فرماتے ہیں کہ جمعے کے دن جمعہ چھوڑ کر اس سے پہلے سفر نہیں کرنا چاہیے۔ ہاں، اگر جہاد کا حکم ہو، جنگ کے لیے جا رہے ہوں، تو جا سکتے ہیں، یا کوئی ایسا انتہائی ضروری کام ہو کہ نہ گئے تو بڑا نقصان ہو جائے گا۔ ورنہ اگر ایسی کوئی چیز نہیں تو پہلے باقاعدہ نماز پڑھیں، پھر سفر کریں۔

انہوں نے کہا نماز کا حکم دے کر اللہ نے مسلمان کا اپنے گھر میں پانچ وقت آنے کا اہتمام کیا ہے، فجر ، ظہر، عصر، مغرب اور عشائ۔ جب زوالِ شمس ہو جائے تو دونوں نمازوں کا وقت مشترک ہوجاتا ہے، پہلے نماز ظہر پڑھیں پھر عصر، زوال کے بعد پہلے تین چار منٹ، جب ظہر پڑھیں ، ظہر کا خاص وقت ہیں۔ غروب سے پہلے کے آخری تین چار منٹ عصر کا خاص وقت ہیں۔ باقی درمیان کا وقت مشترک ہے۔ ان کا کہنا تھا سید المرسلین حضرت رسولِ اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے ہیں کہ اگر آپ کے گھر کے ساتھ نہر بہہ رہی ہو اور آپ اس میں دن میں پانچ دفعہ نہائیں تو کیا آپ کا بدن صاف ستھرا نہیں ہوگا؟ کیا آپ کا بدن پاکیزہ نہیں ہوگا؟ کوئی میل کچیل بالکل نہیں رہے گی۔ یہاں بھی پانچ دفعہ عبادت کی بات ہے۔

انہوں نے مزید بیان میں کہا کہ اہل بیت علیہم السلام نے فرمایا ہے کہ اگر آپ پانچ نمازیں تین وقتوں میں بھی پڑھ لیں تو کوئی حرج نہیں، اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بھی نمازیں اکٹھی پڑھی ہیں۔ ہمارے برادران اہل سنت بھی نمازیں اکٹھی پڑھ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کے دو پوتوں، امام علی نقی اور امام حسن عسکری علیہما السلام نے شیعوںکی علامتیں بیان کی ہیں۔ ان میں سے پہلی علامت یہ ہے کہ شیعہ اول وقت میں نماز پڑھتے ہیں۔ اول وقت میں نماز پڑھنا اللہ سے محبت کی علامت ہے، یعنی مسجد سے محبت ہے، خانہ خدا اور نماز سے محبت ہے۔

ان کا کہنا تھا نماز میں وقت کی پابندی مومن کی عادت کا حصہ ہونا چاہیے۔ ہمارا عمل ایسا ہونا چاہیے کہ اگر ہم دکان میں بیٹھے ہوں اور نماز کا وقت ہو جائے تو فوراً چل پڑیں۔ لوگ بھی کہیں گے کہ یہ بڑا اچھا آدمی ہے، پھر بیگم بھی نماز پڑھے گی اور بچے بھی نماز پڑھیں گے، یہ ہوتا ہے عمل۔ ورنہ ہم زبان سے باتیں کرتے ہیں، کبھی مسجد میں آتے ہیں اور کبھی نہیں آتے۔ زبان کی بات زبان تک رہ جاتی ہے جبکہ عملی زندگی کچھ اور ہوتی ہے۔

حافظ ریاض نجفی نے کہا مولانا صفدر حسین نجفی صاحب سے سیکھا ہے کہ وہ کسی جلسے میں بیٹھے ہوتے،یا صدارت کر رہے ہوتے، ہزاروں لوگ سامنے موجود ہیں، اور نماز کا وقت ہو گیا۔ وہ گھڑی دیکھتے اور فوراً چلے جاتے، نماز پڑھ کر تھوڑی دیر بعد پھر صدارت کی کرسی پر آ جاتے۔ تو اصل چیز اول وقت میں نماز پڑھنا ہے، اور جمعے کی اہمیت یہ بتائی گئی ہے کہ انسان کوشش کرے کہ جمعہ ہر صورت میں اپنی جگہ پر پڑھے۔

مولائے کائنات امیر المومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام فرماتے ہیں کہ جب مجھے رسولِ اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یمن کا والی بنا کر بھیجا تو میں نے پوچھا: یا رسول اللہ! میں انہیں نماز کیسے پڑھاو ¿ں؟ آپ نے فرمایا کہ نماز اس طرح پڑھانا کہ کمزور ترین آدمی، بوڑھا یا مریض بھی تمہارے پیچھے نماز پڑھ سکے۔ لیکن جب اپنی نماز پڑھو تو بڑے خشوع و خضوع سے لمبی کر کے پڑھو۔ نمازِ باجماعت اس طرح پڑھاو ¿ کہ سب پڑھ سکیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha